اسلامک ايجوکيشن کميٹی کويت کے زیر اہتمام ماہ رمضان سے پہلے استقبال رمضان کے عنوان سے مسجد عبداللہ زیر حولی میں ایک جلسہ عام منعقد کیا گیا ۔کویت میں مقیم پاکستانیوں اور دیگر اردو سمجھنے والے افراد کی ایک کثیر تعداد اس پروگرام میں شریک ہوئی. پروگرام کا آغاز تلاوت کلام پاک سے کیا گیا جس کی سعادت حافظ سجاد صاحب نے حاصل کی۔
سیکرٹری جنرل اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جناب نثار احمد صاحب نے ابتدائی کلمات میں شرکاء محفل کو خوش آمدید کہا اور پروگرام میں شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔ اس کے بعد نعت رسول مقبول صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے جواد خان صاحب کو دعوت دی گئی جنہوں نے انتہائی خوبصورت انداز میں حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بارگاہ اقدس میں ہدیہ نعت پیش کیا .
ملک محمد ارشاد صاحب نے ماہ رمضان کی فضیلت و اہمیت قرآن و حدیث کی روشنی میں بیان کی اور اس عظیم الشان مہینے کی فیوض و برکات سے مستفید ہونے کے لیے ضروری امور سے آگاہ کیا اور کہا کہ روزے کا مقصد تقویٰ، اصلاح ، تربیت اور کردارسازی ہے۔ ماہ رمضان کے فضائل بیان کئے اور لوگوں کو اس ماہ میں زیادہ سے زیادہ نیک اعمال کرنے کی ترغیب دلائی.
مرکزی تقریر کے لئے مولانا حافظ حفیظ الرحمن صاحب کو دعوت خطاب دی گئ انہوں نے رمضان المبارک کی اہمیت اور اس میں کئے جانے والے اعمال سے سامعین کو آگاہ فرمایا. اسلام کے تصور اجتماعیت کو احسن انداز میں واضع کیا اور کہا دین اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور ایک بہترین طرز معاشرت پیش کرتا ہے جو انسانوں کو اللہ کے احکامات کے مطابق زندگی گزارنے کا طریقہ و سلیقہ عطا کرتا ہے۔ دین اسلام عبادات سمیت زندگی کے تمام معاملات میں اجتماعیت کو اپنانے کی ترغیب دیتا ہے۔ ہمارے اکثر مسائل اجتماعی کوششوں سے آسانی سے حل ہو سکتے ہیں۔ مقررین نے رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اللہ کی رحمتوں کو سمیٹنے، اللہ سے مغفرت طلب کرنے اور مساکین و غرباء کی مدد کر کے ان کی دعائیں لینے کی طرف توجہ دلائی.
پروگرام میں سفارت خانہ پاکستان کی طرف سے سفیر پاکستان جناب ملک محمد فاروق صاحب، ڈپٹی ہیڈ آف مشن جناب فیصل مجید صاحب، اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی جناب فرخ امیر سیال صاحب نے بھی شرکت کی۔ سفیر پاکستان نے کویت میں اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کی دینی و عوامی فلاحی خدمات کو سراہتے ہوے اسے کویت میں پاکستانی کمیونٹی کا فخر قرار دیا اور تنظیم کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی ہیڈ آف مشن جناب فیصل مجید صاحب نے بھی جلسہ استقبال رمضان کی اہمیت کو سراہتے ہوے اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کے منتظمین کی کاوشوں کی تحسین فرمائی.
اختتامی کلمات صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی کویت جناب جاوید اقبال صاحب نے پیش کئے۔ اپنے خطاب میں انہوں نے رمضان المبارک کی اہمیت اور فضیلت پر روشنی ڈالی۔ اس ماہ میں اللہ کی خوشنودی حاصل کرنے کے طریقوں کو وضاحت سے بیان کیا۔ اتحاد امت کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا اور اجتماعیت سے مربوط ہونے کی تلقین فرمائی۔
پروگرام کے آخر میں جناب عبدالرحمن عباسی صاحب - نائب صدر اسلامک ایجوکیشن کمیٹی نے دعا کروائی اور اس کے ساتھ ہی یہ پروگرام اختتام پذیر ہوا۔