Sports News

اسلام آباد:عربین سی ٹائٹل فائٹ کے زیر اہتمام پاکستان کے باکسر مظفر خان نے افغانستان کے احمد سمیر کو ناک آؤٹ مرحلے میں شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا ہے۔سنیچر کو اسلام آباد میں لیاقت جمنازیم میں دونوں باکسرز کا مقابلہ پانچ راونڈز تک گیا۔

چار راونڈز تک دونوں حریف ایک دوسرے کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے رہے لیکن پانچویں راونڈ میں مظفر خان نے احمد سمیر کو ناک آ ئوٹ کر کے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔مقامی میڈیا کے مطابق دوران میج مظفر خان کو سپورٹ کرنے کے لیے لیجنڈری باکسر حسین شاہ اور ورلڈ باکسنگ کونسل مڈل ایسٹ چیمپئن عثمان وزیر بھی موجود تھے۔

اس سے قبل گذشتہ روز دونوں باکسرز کی وزن کرنے کی تقریب اسلام آباد کے بیسٹ ویسٹرن ہوٹل میں منعقد کی گئی تھی۔دوران تقریب پاکستان کے 27 سالہ مظفر خان اور افغانستان کے 28 سالہ احمد سمیر کا آمنا سامنا ہوا۔ دونوں باکسرز کا جذبہ دیدنی تھا اور دونوں ہی فتح کے لیے مکمل فٹ اور پرعزم دکھائی دیے۔

سنیچر کو ہونے والا مقابلہ عربین سی ٹائٹل کی اہم ترین فائٹ تھی۔ دونوں باکسرز لیاقت جمنازیم، اسلام آباد میں سپر ویلٹرویٹ کیٹگری میں آمنے سامنے تھے۔ شائقین کو باکسنگ کا ایک بہترین مقابلہ دیکھنے کو ملا جس میں پاکستان اور افغانستان کے باکسرز نے اپنی فٹنس اور مہارت کا مظاہرہ کیا۔

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان سے سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا، کپتان شاہین شاہ آفریدی اور ڈائریکٹر کرکٹ آپریشن عاقب جاوید نے ملاقات کی، وزیر اعظم نے پی ایس ایل سیزن 7 میں قلندرز کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، معاون خصوصی عثمان ڈار بھی ملاقات میں موجود تھے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ اس بار لاہور قلندرز پی ایس ایل ٹرافی جیت سکتی ہے، نوجوان کپتان کا انتخاب لاہور قلندرز مینجمنٹ کا اچھا فیصلہ ہے۔عمران خان نے کہا کہ نوجوانوں نے ہمیشہ نتیجے تبدیل کئے ہیں، لاہور قلندرز نے فرنچائز میں اپنا منفرد مقام پیدا کیا ہے، گراس روٹ لیول پر ٹیلنٹ ہنٹ کا انعقاد لاہور قلندرز کا خاصا ہے۔

سی ای او رانا عاطف نے لاہور قلندرز کی ماضی میں خدمات سے آگا ہ کیا اور وزیر اعظم کو لاہور قلندرز کے آئندہ کے منصوبوں پر بریفنگ دی۔ملاقات میں وزیر اعظم نے کہاکہ کامیاب نوجوان پروگرام میں ٹیلنٹ ہنٹ کا کردار قابل ستائش ہے، سیالکوٹ میں ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے دوران ملنے والے فاسٹ بولر محمد زاہد بھی وزیراعظم سے ملاقات میں شامل تھے۔

وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ پی ایس ایل میں نئے ٹیلنٹ کو پرفارم کرتے دیکھ کر خوشی ہوتی ہے، کوئی شک نہیں کہ پی ایس ایل پاکستان کا بڑا برانڈ بن چکا ہے، امید ہے کہ پی ایس ایل سیزن 7 میں عوام کو بہترین میچز دیکھنےکو ملیں گے۔انہوں نے کہاکہ حکومت ملک میں کھیلوں کے فروغ پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، حکومت یقینی بنا رہی ہےکہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں میرٹ کی بالا دستی ہو، اس موقع پر وزیرِ اعظم نے کرکٹر شاہین آفریدی کی ورلڈ کپ میں کارکردگی کو بھی سراہا۔

لاہور قلندرز نے پی ایس ایل میچز میں کامیاب جوان پروگرام کیلئے خصوصی انکلوژر دینے کا اعلان کیا ، معاون خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ میچز کے دوران کامیاب جوان کے ہیروز کو میچز دیکھنے کی خصوصی دعوت دی جائیگی۔عثمان ڈار نے کہاکہ قلندرز کی طرح دیگر فرنچازز بھی ٹیلنٹ کی تلاش میں اپنا کردار ادا کریں۔اس موقع پر عاطف رانا کاکہنا تھا کہ کئی سابق پاکستانی کھلاڑیوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ ختم ہوچکا ہے،جبکہ ایسا نہیں ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہورقلندرزنے ہمیشہ یہی سوچا کہ جب بھی جیتیں گے تسلسل کے ساتھ جیتیں گے،شاہین شاہ آفریدی سے امیدیں ہیں کہ اس بار لاہور قلندرز کو فتح حاصل ہوگی۔

سی ای او لاہور قلندرز عاطف رانا نے کہاکہ دعا کریں کہ پی ایس ایل کا ٹورنامنٹ کورونا وائرس کے باعث بند نہ ہو۔عثمان ڈار نے کہاکہ میں لاہورقلندرز کو پاکستان میں کرکٹ کی خدمت پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں،پاکستان میں گراؤنڈز تو ہیں لیکن ان کی تزئین وآرائش نہیں کی جاتی،سیالکوٹ اور فیصل آباد میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کیا جا رہا ہے۔

عاطف رانا نے بتایا کہ اسلام آباد میں ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پروگرام تھا لیکن کورونا آگیا،انہوں نے بتایا کہ ملک میں 12 سے زائد ہائی پرفارمنس سینٹر قائم کرنے کا پلان ہے۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی ٹیسٹ ٹیم آف دی ایئر میں تین پاکستانی کھلاڑی جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

آئی سی سی کی جانب سے ٹی ٹوینٹی اور ون ڈے کے بعد اب سال کی بہترین ٹیسٹ ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے، جس کی سربراہی کیون ولیمسن کو دی گئی ہے۔

ٹیم میں روہت شرما، ڈیموتھ کورتنا رتنے، مارنس لبوشیں، جوئے روٹ، فواد عالم، ریشابھ پانٹ، روی چندرن ایشون، کائیل جیمسن، شاہین شاہ آفریدی اور حسن علی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے تینوں فارمیٹز میں سال کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والے بیٹسمینوں، بولرز اور وکٹ کیپر کو ٹیم میں شامل کیا جاتا ہے۔ ٹیم کی قیادت اُس کھلاڑی کو دی جاتی ہے جس کی کپتانی میں کسی بھی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، وکٹ کیپر کا انتخاب بھی اسی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔

گیارہ رکنی ٹیم میں 5 بلے باز، وکٹ کیپر اور چار بولرز ہوتے ہیں۔

لاہور:قومی ٹیم کے فاسٹ بولر محمد حسنین کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ کرلیا گیا ہے۔

قومی فاسٹ بولر کے بولنگ ایکشن کا ٹیسٹ لاہور میں آئی سی سی کی منظور شدہ بائیومکینک لیب میں کیا گیا جس کی رپورٹ 14 روز میں ملے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیون سے پہلے ہی محمد حسنین کا معاملہ کلیئر کروانے کے لیے پُرعزم ہے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ معین خان کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی امپائر کا محمد حسنین کا بولنگ ایکشن مشکوک قرار دینا حیران کن ہے۔

عظیم فاسٹ بالر وقار یونس کا کہنا ہے کہ وہ دو سال تک بالنگ کوچ رہے، انہیں تو ان کے ایکشن میں کوئی خرابی نظر نہیں آئی۔خیال رہے کہ آسٹریلین ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ بگ بیش لیگ (بی بی ایل) میں سڈنی تھنڈرز کی جانب سے سڈنی سکسرز کے خلاف کھیلتے ہوئے محمد حسنین کا بولنگ ایکشن رپورٹ ہوا تھا۔

کراچی:قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) ملتوی کر دی جائے یا پھر اضافی کھلاڑیوں کے ساتھ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔

کراچی میں پی ایس ایل کی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے آفس میں ہونے والی اسپانسرشپ تقریب میں سابق کپتان شاہد خان آفریدی نے کہا کہ کراچی میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے، لگتا ہے کہ پی ایس ایل میں تماشائیوں کی تعداد کم کر دی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیگ کو ملتوی کر دیا جائے یا پھر اضافی کھلاڑیوں کے ساتھ ایونٹ کا انعقاد ممکن بنایا جائے۔ اسٹار آل راؤنڈر نے یہ بھی کہا کہ کپتان کا غصہ ہونا قدرتی عمل ہے، سرفراز کو اس کے اپنے اسٹائل سے کھیلنے دوں گا۔

دوسری جانب گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ شاہد آفریدی جیسے بڑے کرکٹر کا آنا خوش آئند ہے، وہ ہمیں چیمپئن بنوائیں گے، کامیابی کی صورت میں شاہد بھائی کو جانے نہیں دیں گے، ان سے مستقبل میں بھی پرفارمنس لینی ہے۔

کینبرا: آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کیخلاف جیت کے جشن میں عثمان خواجہ کوشریک کرنے کے لئے اپنا روایتی انداز تبدیل کردیا۔

سوشل میڈیا پروائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف میچ اورسیریز جیتنے کے بعد آسٹریلوی کھلاڑی ٹرافی کے ساتھ تصویربنوانے جمع ہوئے اورشراب کی بوتلوں کے ساتھ اپنے روایتی انداز میں جشن منانے کی تیاری کرنے لگے۔

آسٹریلوی کپتان پیٹ کیمنز نے رواداری کا عمدہ مظاہرہ کرتے ہوئے کھلاڑیوں سے شراب کی بوتل کھول کرجشن منانے سے روک دیا اورآسٹریلوی ٹیم کے مسلمان بیٹسمین عثمان خواجہ کوبھی جشن میں شریک ہونے کے لئے بلا لیا۔

عثمان خواجہ کی شمولیت کے بعد آسٹریلوی کھلاڑیوں نے زبردست انداز میں جیت کا جشن منایا۔

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کی رینکنگ جاری کردی جس میں پاکستانی ٹیم تیسری پوزیشن  حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

آئی سی سی کی جانب سے جاری ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے پوائنٹس ٹیبل میں سری لنکا 24 پوائنٹس کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے، جس نے 2021 سے 16 جنوری 2022 تک دو میچز اپنے نام کیے۔

پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا دوسرے نمبر پر ہے جس نے چار میچز میں فتح حاصل کی جبکہ ایک میچ برابر ہوا۔

اسی طرح پوائنٹس ٹیبل پر پاکستان کی تیسری پوزیشن رہی، جس نے تین ٹیسٹ میچز میں سے دو میں فتح حاصل کی جبکہ قومی ٹیم کو ایک میچ میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

پوائنٹس ٹیبل پر جنوبی افریقا چوتھے، بھارت پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، بنگلادیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور انگلینڈ کی ٹیم نویں نمبر پر رہی۔

Go to top